اسلام آباد:آزاد کشمیر کی حالیہ سیاسی صورتحال میں اس وقت ایک بڑا اور اہم موڑ سامنے آیا ہے جب کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے سینیئر رہنما سید فیصل گیلانی نے تنظیم کے پرتشدد ایجنڈے کے خلاف علمِ بغاوت بلند کرتے ہوئے نام نہاد تحریک سے اپنے تمام روابط ختم کرنے اور مکمل لاتعلقی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
سید فیصل گیلانی نے راولاکوٹ میں ہونے والے حالیہ پرتشدد واقعات، املاک کو پہنچائے جانے والے نقصان اور جلاؤ گھیراؤ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سید فیصل گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کے ساتھی خالصتاً عوامی مفادات اور حقوق کی خاطر اس کمیٹی کا حصہ بنے تھے، لیکن یہ تنظیم اب اپنے اصل راستے سے مکمل طور پر بھٹک چکی ہے۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ عوامی مطالبات کی آڑ لے کر اب معصوم شہریوں کے خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، جس کے بعد اب اس پلیٹ فارم پر کھڑے رہنا ممکن نہیں رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے غیور اور امن پسند عوام نے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد بیانیے کو یکسر مسترد کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ایک باشعور قوم ہیں۔




