پاکستان
Trending

میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 اہم کمانڈروں سمیت 21 دہشت گرد ہلاک

 

راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور گردونواح میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے چار اہم کمانڈروں سمیت 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں خالد رضا عرف سالار، مفتون، موسیٰ اور عمران عرف عیان شامل ہیں، جو دہشت گرد نیٹ ورک کے اہم کمانڈر سمجھے جاتے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں پر حملوں سمیت متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ کارروائیوں کے بعد شمالی وزیرستان میں ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 48 ہو گئی ہے۔ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ علاقے میں موجود باقی دہشت گرد عناصر کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشنز بھی جاری ہیں۔

دریں اثنا صدر پاکستان، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے سرغنوں کا خاتمہ ملک دشمن نیٹ ورکس کے خلاف ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

قومی قیادت نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button