چارسدہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چارسدہ میں فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سنٹر شب قدر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی آپریشنل تیاریوں اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تربیت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر کو اسپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کی تربیتی سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ یہ یونٹس بیرون ملک سے آنے والے سٹیٹ گیسٹس کی سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تربیت حاصل کر رہے ہیں۔
محسن نقوی نے اہلکاروں کی جدید خطوط پر جاری تربیت کے معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کو مستقبل کے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مزید فعال اور مؤثر فورس کے طور پر ڈھالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تربیتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ فورس کسی بھی صورتحال میں پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں بہتر طریقے سے انجام دے سکے۔




