اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تکنیکی مذاکرات کا اگلا مرحلہ آئندہ ہفتے ہوگا، جس میں پاکستان بھی شرکت کرے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مذاکرات کا تسلسل ایک مثبت پیش رفت ہے اور فریقین کے درمیان بات چیت جاری رہنے سے مسائل کے حل کے امکانات بڑھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران تین ورکنگ گروپس تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ پہلا گروپ ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق معاملات دیکھے گا، دوسرا ایران پر عائد پابندیوں اور منجمد اثاثوں کے امور کا جائزہ لے گا، جبکہ تیسرا گروپ لبنان میں جنگ بندی اور امن کے حوالے سے کام کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ایران امریکا امن معاہدے کے لیے اہم سفارتی کردار ادا کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہے کہ علاقائی تنازعات کا حل مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی تعاون کے ذریعے ہی ممکن ہے۔




