استنبول: ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے امن کے لیے سفارتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ترکیہ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
استنبول میں وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر اردوان نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاک۔ترکیہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور اہم عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس دوران تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
صدر اردوان نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی اقتصادی زونز سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت کے لیے دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے قریبی رابطہ رکھیں گے، جبکہ مستقبل میں بھی دونوں ممالک ہر اہم موقع پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔
ترک صدر نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت عالمی سطح پر امن کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے اور ترکیہ پاکستان کے تعمیری کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر رجب طیب اردوان کی میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عوامی روابط پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔




