اسلام آباد: پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے اورماڑہ کے مشرق میں ڈوبنے والی کارگو کشتی کے عملے کو کامیاب مشترکہ ریسکیو آپریشن کے ذریعے بحفاظت بچا لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کشتی میں سوار تمام 20 پاکستانی عملے کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے سمندر سے بحفاظت نکال لیا گیا۔ ریسکیو کے بعد تمام افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، جبکہ ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے اہلکاروں نے آپریشن کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، تیز رفتار ردِعمل اور مؤثر ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا، جس کی بدولت تمام افراد کی جانیں محفوظ بنائی جا سکیں۔




