اسلام آباد: پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے جاری پروگرام کے تحت آئندہ 14 ماہ کے دوران مزید 3.6 ارب ڈالر کی مالی معاونت حاصل ہونے کا امکان ہے۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق ای ایف ایف اور آر ایس ایف پروگرامز کی مجموعی مالیت 8.4 ارب ڈالر ہے، جبکہ اب تک ان پروگرامز کے تحت 4.8 ارب ڈالر جاری کیے جا چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا آئندہ اقتصادی جائزہ ستمبر میں متوقع ہے، جس میں پاکستان کی معاشی کارکردگی، اصلاحاتی اقدامات اور پروگرام پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔
آئی ایم ایف پروگرام کے تحت ٹیکس وصولیوں میں بہتری، مالیاتی نظم و ضبط، توانائی شعبے کی اصلاحات، نجکاری کے عمل میں پیش رفت اور گردشی قرضے میں کمی سمیت متعدد اقدامات شامل ہیں۔
حکام کے مطابق حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پر عمل درآمد کے ذریعے معاشی استحکام اور مالیاتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔




