اسلام آباد:حکومت کی نئی آٹو پالیسی پر آئی ایم ایف سے مذاکرات میں تاحال پیش رفت نہ ہوسکی، جس کے باعث نئی پالیسی کے اجرا میں تاخیر کا امکان بڑھ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں پرانی آٹو پالیسی میں ایک سال کی توسیع کے آپشن پر غور کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نئی آٹو پالیسی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو معاملات جلد حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے درمیان فور وہیلرز کے معیارات سے متعلق اختلافات بھی سامنے آئے ہیں، جس سے پالیسی کی تشکیل کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔
قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے وزارتوں کے عدم تعاون پر برہمی کا اظہار کیا، جبکہ اجلاس میں الیکٹرک وہیکلز کے فروغ سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملک بھر میں ای وی بائیکس کے لیے تاحال ایک بھی چارجنگ اسٹیشن قائم نہیں ہو سکا۔




