راولپنڈی :آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ ترکیہ کے دوران پاک ترک دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیر قومی دفاع یاشار گولر سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون، تزویراتی شراکت داری اور علاقائی امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور ترکیہ نے اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید آگے بڑھانے، بالخصوص دفاعی شعبے میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے باہمی روابط کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔




