اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ ضمیر چوہدری نے ملاقات کی، جس میں علاقائی امن و استحکام، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران لارڈ ضمیر چوہدری نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے علاقائی استحکام کے لیے اہم اور قابلِ تحسین اقدامات کیے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی، امن و استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔




