لاہور/مظفر آباد:پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت حقیقی معنوں میں عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے، اور پارٹی کارکنوں کا جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے کہ شیروں کا جذبہ پیسوں سے نہیں خریدا جا سکتا۔
آزاد کشمیر میں اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ قائدِ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے، پاکستان اور آزاد کشمیر نے ہمیشہ یکساں ترقی کی اور پورے ملک میں ان کی خدمت کے نقوش واضح طور پر موجود ہیں۔ انہوں نے مخالفین کو کڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں سے اپنا کوڑا تک صاف نہیں ہوا، وہ آج عوام سے بڑے بڑے وعدے کر رہے ہیں، کیونکہ مخالفین کو صرف الیکشن کے دنوں میں سڑکیں بنانا یاد آتا ہے جبکہ باقی پورا سال وہ عوام کا حال پوچھنے بھی نہیں آتے۔
مریم اورنگزیب نے آزاد کشمیر کے عوام کے لیے بڑے ترقیاتی اعلانات کرتے ہوئے کہا کہ مظفر آباد، میرپور اور کوٹلی کو لاہور جیسا بنایا جائے گا، کوٹلی میں جلد وزیراعلیٰ مریم نواز کی گرین بسیں لائی جائیں گی، اور مری سے مظفر آباد تک "گلاس ٹرین” بھی بنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ خطے میں جدید کارڈیالوجی سینٹرز، میڈیکل ڈسٹرکٹس کے قیام کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو لیپ ٹاپس اور اسکالرشپس بھی فراہم کی جائیں گی۔




