اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ نظام میں بہتری کے لیے اجتماعی فیصلے اور عملی اقدامات ضروری ہیں، کیونکہ نظام کو بہتر بنانے کی ذمہ داری تمام متعلقہ فریقوں پر عائد ہوتی ہے۔
اکنامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے شرکا نے اپنے مسائل سامنے رکھے ہیں جن کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی بنانا ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جس نظام کے تحت ملک چل رہا ہے وہ اپنی موجودہ حالت میں مسائل کا مؤثر حل فراہم نہیں کر پا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کے نظام کو سب تسلیم کرتے ہیں، لیکن جمہوریت کے اندر بھی مختلف نظام اور طریقہ کار موجود ہیں جن میں بہتری کی ضرورت ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیاسی نظام کو چلانے والے افراد بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں اور سیاسی نظام کو وسائل فراہم کرنے والے بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تمام متعلقہ حلقے نظام کو درست کرنے کا فیصلہ کرلیں گے تو بہتری کا عمل شروع ہو جائے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔




