پاکستان
Trending

مؤثر حکمرانی کے لیے نئے انتظامی یونٹس ناگزیر ہیں، میاں عامر محمود

 

اسلام آباد: میاں عامر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی اور عوامی ضروریات کے پیش نظر انتظامی ڈھانچے میں بہتری لانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات بہتر انداز میں فراہم کی جا سکتی ہیں۔

بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے میاں عامر محمود نے کہا کہ کاروباری طبقے کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ حکومت ان کے قریب نہیں۔ اگر حکمران بزنس کمیونٹی کے درمیان رہ کر مسائل سنیں تو ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب انتظامی لحاظ سے ایک بڑا صوبہ ہے، جہاں آبادی 13 کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے، جبکہ ملک کے دیگر صوبوں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بھی آبادی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس صورتحال میں نئے انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔

میاں عامر محمود نے کہا کہ ماضی میں مختلف علاقوں کی انتظامی حیثیت تبدیل کی گئی، بہاولپور کو پنجاب میں شامل کیا گیا جبکہ خیرپور کو سندھ کا حصہ بنا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کئی ممالک نے آبادی اور انتظامی ضروریات کے مطابق اپنے یونٹس میں اضافہ کیا، بھارت نے بھی اپنے صوبوں کی تعداد بڑھائی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے مختلف ادوار میں تحریکیں چلتی رہی ہیں، تاہم نئے صوبے سیاسی بنیادوں کے بجائے انتظامی بنیادوں پر قائم کیے جانے چاہئیں۔

میاں عامر محمود نے کہا کہ دنیا جس رفتار سے آگے بڑھ رہی ہے پاکستان کو بھی ترقی کے لیے رفتار تیز کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 2 کروڑ 50 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جبکہ 40 فیصد بچوں کو مناسب خوراک نہیں مل رہی، جس سے مستقبل کی افرادی قوت متاثر ہو سکتی ہے۔

انہوں نے پولیو کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں اب بھی پولیو کا خاتمہ نہیں ہو سکا، اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

میاں عامر محمود کا کہنا تھا کہ انتظامی یونٹس میں اضافہ کرنے سے اخراجات بڑھنا ضروری نہیں، بلکہ بہتر انتظام کے ذریعے وسائل کی بچت اور عوامی سہولیات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب بہترین کام کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button