اسلام آباد: پاکستان نے غزہ امن منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی اقدامات کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے پیش رفت ایک مثبت قدم ہے۔ پاکستان نے امریکہ، مصر، قطر اور ترکیہ کی جانب سے امن عمل کے لیے کی جانے والی ثالثی کوششوں کو سراہا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا رہے گا اور سمجھتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں مستقل امن کے لیے آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔
دفتر خارجہ نے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان القدس الشریف کو فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بنانے کی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں برقرار رکھے گا۔




