اسلام آباد: یومِ دفاع و شہداء کل ملک بھر میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
6 ستمبر کے موقع پر ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے قومی ہیروز کو سلام پیش کیا جائے گا، جبکہ سرحدوں پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کے عزم و حوصلے کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
ایل او سی سمیت مختلف سرحدی علاقوں میں پاک فوج کے جوان سخت موسمی اور دشوار گزار حالات میں وطن کی حفاظت پر مامور ہیں۔ یومِ دفاع کے موقع پر جوانوں کی جانب سے ملکی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔
مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی یومِ دفاع پر اپنے پیغامات میں قومی اتحاد، ملکی ترقی اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کردار ادا کرنے پر زور دیں گی۔
پاکستان کے بچے بھی شہداء اور وطن کے محافظوں کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے اور تعلیم، محنت اور اچھے کردار کے ذریعے ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنے کے عزم کا اظہار کریں گے۔
یومِ دفاع و شہداء ماضی کی قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ نئی نسل کو وطن کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا پیغام بھی دے گا۔




