اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث عالمی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے، جبکہ آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی رسد متاثر ہونے کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت دستیاب وسائل کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ فیول ریلیف اسکیم کا دائرہ کار بڑھانے اور پٹرولیم لیوی مرحلہ وار ختم کرنے کی تجاویز پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ مشاورت کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو عوام کو ریلیف دینے کیلئے قابل عمل تجاویز مرتب کرے گی۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا کہ حکومت فی لیٹر پٹرول پر 100 روپے ریلیف فراہم کررہی ہے، جس سے ایک کروڑ 27 لاکھ افراد مستفید ہورہے ہیں۔ ان کے مطابق آنے والے دنوں میں ریلیف حاصل کرنے والوں کی تعداد دو کروڑ تک پہنچنے کی توقع ہے۔ حکومت عوام کو مزید ریلیف دینے کیلئے بھی اقدامات کرے گی۔




