اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں اضافی چینی کی برآمد سے متعلق پالیسی گائیڈ لائنز کو حتمی شکل دے دی گئی۔ اجلاس میں کرشنگ سیزن سے قبل ملک میں چینی کے مجموعی ذخائر کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔
اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقامی مارکیٹ میں چینی کی دستیابی اور قیمتوں کا استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چینی کی سپلائی چین کو ہموار رکھنے اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کے لیے مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق مقامی صارفین کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ اضافی چینی کی برآمد کا مقصد کاشتکاروں کی معاونت، شوگر انڈسٹری کو مستحکم کرنا اور ملکی زرمبادلہ میں اضافہ کرنا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خوراک، طارق باجوہ، سیکرٹری تجارت اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔




