پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور حلقوں کو ایک مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔ اختلافات اپنی جگہ، لیکن خیبرپختونخوا کے امن پر سب کو متفق ہونا پڑے گا۔
پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ صوبے کو امن کا گہوارہ بنائیں اور اس کا بہتر تشخص اجاگر کریں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے نوجوان صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، انہیں آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کو سازگار، محفوظ اور مثبت ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ خیبرپختونخوا کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔




