اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کا اجلاس استنبول میں منعقد ہوا، جس میں فلسطین، یمن، امریکا، ایران اور آبنائے ہرمز کی صورتحال سمیت اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران تینوں ممالک نے آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے مؤقف کا اعادہ کیا اور فلسطین تنازع کے منصفانہ حل کے لیے دو ریاستی فارمولے کی حمایت کی۔
سجاد حیدر خان نے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، جبکہ یمن اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں پر حملوں کی بھی مذمت کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور علاقائی تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ناگزیر سمجھتا ہے۔




