اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ سائبر جرائم کی روک تھام اور تحقیقات کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے اور ادارے کی استعداد کار میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
شہباز شریف نے این سی سی آئی اے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ماہرین کی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں بہترین افرادی قوت کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے۔
وزیراعظم نے سائبر جرائم کی بدلتی ہوئی نوعیت کے پیش نظر تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور عوام کو ڈیجیٹل جرائم سے محفوظ رکھنے کے لیے ادارے کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔




