پنجاب کے تمام تفریحی پارکس کو تمباکو نوشی سے پاک زون قرار دے دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت نہ صرف سگریٹ، ای-سگریٹ اور ویپ مصنوعات کا استعمال ممنوع ہوگا، بلکہ ان کی خرید و فروخت پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یہ اقدام سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی ہدایت پر جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔
پابندی "تمباکو نوشی کی ممانعت اور غیر تمباکو نوش افراد کے تحفظ کا آرڈیننس 2002” کی دفعات 5 اور 7 کے تحت نافذ کی گئی ہے، جس کے مطابق عوامی مقامات پر نہ صرف سگریٹ پینے بلکہ تمباکو سے بنی اشیاء کی فروخت پر بھی مکمل پابندی عائد ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پارکس میں موجود ٹک شاپس، کیفیز اور وینڈنگ پوائنٹس پر بھی سگریٹ اور اس سے متعلقہ مصنوعات کی فروخت پر مکمل پابندی ہو گی۔ عوامی آگاہی کے لیے پارکس میں نمایاں مقامات پر نو اسموکنگ بورڈز اور ہدایات آویزاں کی جائیں گی، جب کہ پارک کا عملہ اور سیکیورٹی اسٹاف اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل مانیٹرنگ کرے گا۔




