اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فدان سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں غزہ کی حالیہ کشیدہ صورتحال اور اسرائیلی فوجی کارروائیوں پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ پر اسرائیل کے مکمل فوجی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔ اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ غزہ کے عوام کو فوری اور بلا رکاوٹ انسانی امداد فراہم کی جانی چاہیے، اور اسرائیلی کارروائیوں میں چھوٹ کا سلسلہ فوراً ختم کیا جائے۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ فلسطینی عوام کی موجودہ انسانی بحران سے نجات کے لیے عالمی برادری کو فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ اس کے علاوہ، دو طرفہ تعلقات، علاقائی مسائل اور عالمی سطح پر مشترکہ تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک دفاع، تجارت، تعلیم اور ثقافت سمیت متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کرتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے مسلم دنیا کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے اپنے مشترکہ کردار کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔




