پاکستان
Trending

توانائی اصلاحات عوام اور صنعت کے مفاد کے تابع ہوں گی، وزیراعظم؛ بجلی نرخوں میں استحکام کے لیے جامع حکمت عملی طلب

 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا بنیادی مقصد عوام اور صنعت کاروں کو ریلیف فراہم کرنا ہے، اور ان کے مفادات کا تحفظ کیے بغیر کوئی اصلاحاتی عمل مکمل نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں توانائی شعبے کی اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم، وفاقی وزراء برائے خزانہ، اقتصادی امور، اطلاعات اور توانائی سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جہاں وزیراعظم کو گھریلو و صنعتی صارفین کی بجلی کھپت سے متعلق تفصیلی سفارشات پیش کی گئیں۔
وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کی قیمتوں کو ایک سطح پر برقرار رکھنے اور صارفین کو بلوں کی ادائیگی میں ریلیف دینے کے لیے فوری طور پر جامع پلان تیار کیا جائے۔وزیراعظم نے واضح کیا کہ صنعتی ترقی کے لیے بجلی کی مسلسل فراہمی ناگزیر ہے، جبکہ گھریلو صارفین کو سہولت پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح رہے گی۔
صارفین کی سہولت کے لیے بلوں کی ادائیگی اور دیگر خدمات میں ڈیجیٹل سہولیات کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔وزیراعظم نے بجلی کی ترسیل کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور لائن لاسز میں نمایاں کمی لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے تاکہ نظام شفاف اور فعال ہو سکے۔
بجلی چوروں کو خبردار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چوری کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے جائیں کیونکہ کسی کو بھی قومی خزانے اور ایماندار صارفین کا حق مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ملک میں بجلی کی کمی دور کرنے کے لیے وزیراعظم نے قابلِ تجدید توانائی (Renewable Energy) کے منصوبوں کو ترجیح دینے کی ہدایت کی تاکہ مقامی وسائل سے سستی بجلی پیدا کی جا سکے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہو۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button