پاکستان

کراچی: ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق، شہری مشتعل، 7 ڈمپر نذر آتش

کراچی کے فیڈرل بی ایریا راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ علی رضا جان کی بازی ہار گئے، جبکہ والد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد مشتعل شہریوں نے ڈمپر ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا اور 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق فائر فائٹرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ پولیس نے ڈمپر جلانے کے الزام میں 10 افراد کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ حادثے کے بعد راشد منہاس روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

ادھر ڈمپر ڈرائیور ایسوسی ایشن نے ڈمپروں کو جلانے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے سپر ہائی وے سہراب گوٹھ پر سڑک بلاک کر دی۔ روڈ بند ہونے سے ٹریفک جام اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ ایسوسی ایشن نے نیشنل ہائی وے کو بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر ڈمپر ایسوسی ایشن حاجی لیاقت محسود نے الزام عائد کیا کہ 7 ڈمپروں کے جلانے کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

 

ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج، ڈمپر ڈرائیور گرفتار

واقعے کا مقدمہ تھانہ یوسف پلازا میں درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں قتلِ خطا کی دفعہ شامل کی گئی ہے اور ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مدعی مقدمہ کے مطابق حادثے میں بھتیجی اور بھتیجا جاں بحق جبکہ بھائی زخمی ہوا۔

ادھر ڈمپرز جلانے کے معاملے پر پولیس اور آل پاکستان ڈمپر ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ ایسوسی ایشن نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد مین سپر ہائی وے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button