پاکستان
Trending

ہنگور کلاس کی تیسری آبدوز "پی این ایس ایم مانگرو” چین میں لانچ ۔۔۔۔۔۔پاک بحریہ کی دفاعی طاقت میں ایک اور سنگِ میل

 

کراچی / ووہان : پاکستان نیوی نے دفاعی میدان میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کر لی۔ چین میں تیار کی جانے والی تیسری ہنگور کلاس آبدوز "پی این ایس ایم مانگرو” کی لانچنگ تقریب شاندار انداز میں چین کے شہر ووہان میں منعقد ہوئی۔

تقریب کا انعقاد ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کے شوانگلیو بیس پر ہوا، جہاں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (پراجیکٹ-2) وائس ایڈمرل عبدالصمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

خطاب میں وائس ایڈمرل عبدالصمد کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ سمندری حدود کے تحفظ، امن و استحکام، اور خطے میں طاقت کے توازن کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ہتھیاروں، سینسرز اور ٹیکنالوجی سے لیس ہیں، جو پاکستان کی بحری دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کریں گی۔

یہ آبدوزیں نہ صرف پاکستان چین اسٹریٹجک شراکت داری کی علامت ہیں بلکہ مقامی سطح پر ٹیکنالوجی کی منتقلی کے عمل کو بھی فروغ دے رہی ہیں۔ آٹھ آبدوزوں پر مشتمل اس منصوبے کے تحت چار چین میں جبکہ چار پاکستان میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KS&EW) میں تیار کی جا رہی ہیں۔

تقریب میں چین اور پاکستان کے اعلیٰ دفاعی حکام، تکنیکی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کو ایک "روشن مستقبل کی بنیاد” قرار دیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button