اسلام آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے ریسکیو حکام کو ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ حکام نے جڑواں شہروں میں فلڈنگ کی ممکنہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
ریسکیو حکام نے نالہ لئی کے اطراف، کٹاریاں، گوالمنڈی اور دیگر نشیبی علاقوں میں ریسکیو اہلکاروں کی تعیناتی شروع کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر کارروائی کی جا سکے۔ حکام نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ بارش کے دوران نالہ لئی اور دیگر خطرناک علاقوں سے دور رہیں۔
ریسکیو حکام نے خصوصی طور پر والدین کو تنبیہ کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو نالہ لئی، بجلی کے کھمبوں یا دیگر خطرناک مقامات کے قریب نہ جانے دیں۔ مزید برآں، شہریوں کو بارش کے دوران کمزور چھتوں کے نیچے پناہ نہ لینے اور ندی نالوں کو عبور نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایم ڈی واسا کے مطابق، اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ رات سے اب تک 80 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس سے نالہ لئی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا ہے۔ گوالمنڈی اور کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح بالترتیب 11 اور 15 فٹ تک پہنچ چکی ہے، اور محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس سے اربن فلڈنگ کے خطرات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔




