سیالکوٹ: سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شدید بارشوں کے بعد آئے ہوئے سیلابی پانی نے فضائی سرگرمیوں کو متاثر کر دیا ہے، جس کے باعث آج صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک فلائٹ آپریشن مکمل طور پر معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق، تمام پروازیں اس دوران بند رہیں گی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔ ایوی ایشن حکام نے اس معطلی کا باضابطہ نوٹم (NOTAM) جاری کر دیا ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایئرپورٹ کی جنوبی جانب سیلابی پانی کے دباؤ کے بعد فوری طور پر مشینری اور ریسکیو عملہ متحرک کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی واٹرنگ پمپس مسلسل کام کر رہے ہیں تاکہ رن وے اور دیگر اہم حصے محفوظ رکھے جا سکیں ۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ رن وے، ٹرمینل بلڈنگ اور پارکنگ ایریا کا بڑا حصہ محفوظ ہے اور ایئرپورٹ پر موجود آلات یا تنصیبات کو فی الحال کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں۔ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ رات 10 بجے کے بعد فلائٹ آپریشن معمول پر آ جائے گا۔




