پاکستان

2 ستمبر 1965،جنگ کا دوسرا دن: پاکستان کی بھرپور جوابی کارروائی، بھارتی طیارے تباہ، ٹینک اور فوجی قیدی بنالیے گئے

راولپنڈی/نئی دہلی:  جنگ کا دوسرا روز، 2 ستمبر 1965: خطے میں کشیدگی انتہاء کو پہنچ گئی، جب بھارتی وزیراعظم لال بہادر شاستری نے پاکستان کو جنگ کی دھمکی دیتے ہوئے تسلیم کیا کہ گزشتہ روز پاکستانی فضائیہ نے چار بھارتی طیارے مار گرائے۔ بھارتی افواج کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے پیشِ نظر، بھارتی آرمی چیف جنرل جے این چوہدری نے مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیا اور اعلیٰ فوجی افسران سے ملاقاتیں کیں۔

دوسری جانب صدر پاکستان فیلڈ مارشل محمد ایوب خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو سخت الفاظ میں متنبہ کیا کہ:”بھارت نے ابتدا ہی سے پاکستان اور کشمیر کے متعلق اپنی پالیسی کی بنیاد نفرت اور دشمنی پر رکھی ہے، جس کے نتیجے میں خطے میں سنگین صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اگر بھارت نے جارحیت جاری رکھی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستان کشمیریوں سے اپنا وعدہ ہر حال میں پورا کرے گا۔”
سردار عبدالقیوم خان نے بھی بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا:”بھارتی افواج اپنی قبر میں اُتر آئی ہیں۔”
ادھر بین الاقوامی مبصرین نے بھارت کی جانب سے فضائی طاقت کے استعمال پر شدید تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج کو تمام محاذوں پر الرٹ کر دیا گیا ہے اور تمام فارمیشنز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ 2 ستمبر کی صبح تک اپنے "کنسنٹریشن ایریاز” سنبھال لیں۔

محاذِ کشمیر پر پاک فوج کی کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ سونا مرگ کے نزدیک ایک بھارتی پلاٹون کا مکمل صفایا کر دیا گیا ہے، جبکہ دشمن کے ٹھکانوں اور تنصیبات پر بھی حملے جاری ہیں۔ چھمب کے محاذ پر پاکستانی افواج نے مشرق کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے 15 بھارتی ٹینکوں پر قبضہ کر لیا اور 150 بھارتی فوجیوں کو جنگی قیدی بنا لیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button