لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صدارت میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے اور بحالی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع اور تحصیل سطح پر فلڈ ریلیف کمیٹیاں قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ متاثرین کو امداد آسانی سے پہنچائی جا سکے۔
مریم نواز نے کہا کہ متاثرین کے لیے سروے فارم، موبائل ایپ اور مانیٹرنگ ڈیش بورڈ تیار کیا جائے گا جس کی ذاتی نگرانی وہ خود کریں گی تاکہ امدادی عمل میں شفافیت اور تیزی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے 27 اضلاع اور 64 تحصیلوں کے 3,775 موضع سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، جن میں 63 ہزار 200 پکے اور 3 لاکھ 9 ہزار 684 کچے مکانات تباہ ہوئے ہیں۔
اجلاس میں سیلاب متاثرہ علاقوں کی سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی فوری بحالی کے لیے بھی فیصلہ کیا گیا، جس کے لیے اربن یونٹ، ریونیو، زراعت اور آرمی کے نمائندے سروے ٹیموں میں شامل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ زیادہ سے زیادہ امدادی کیمپ اور پوائنٹس قائم کیے جائیں تاکہ ہر متاثرہ شخص تک ریلیف پہنچے اور کوئی بھی فرد امداد سے محروم نہ رہے۔




