کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک نیا انقلاب آ رہا ہے کیونکہ میٹا نے اسمارٹ فونز کے متبادل کے طور پر اگمینٹڈ رئیلٹی (AR) پر مبنی اسمارٹ گلاسز تیار کر لیے ہیں۔ کمپنی نے اپنی نئی AI سے لیس پہلی اسمارٹ گلاس ڈیوائس ‘میٹا رے بین ڈسپلے’ کا اعلان کیا ہے جس کی قیمت 799 ڈالر رکھی گئی ہے اور یہ ستمبر کے آخر میں مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔
میٹا کے CEO مارک زکربرگ کے مطابق یہ گلاسز ایک جدید ڈسپلے سے لیس ہیں جسے ہاتھوں کے اشاروں اور نیورو ٹیکنالوجی کے ذریعے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ اس کا خاص نیورل بینڈ بریسلیٹ الیکٹرومائیو گرافی کی مدد سے کام کرتا ہے، جس سے صارفین ویڈیوز دیکھنے، ٹیکسٹ میسجز کا جواب دینے اور دیگر کام آسانی سے کر سکیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اسکرین باہر کے مناظر میں رکاوٹ نہیں ڈالتی اور جب استعمال میں نہ ہو تو غائب ہو جاتی ہے۔
اسی کے ساتھ، میٹا نے دو اور اسمارٹ گلاسز بھی متعارف کرائے ہیں:
اوکلے میٹا وان گارڈ جو سنو بورڈنگ اور ماؤنٹین بائیکنگ جیسے کھیلوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور بغیر ری چارج کے 9 گھنٹے چل سکتا ہے، قیمت 499 ڈالر ہے ۔
میٹا رے بین اسمارٹ گلاسز کا اپڈیٹڈ ورژن جس کی قیمت 379 ڈالر ہے۔
مارک زکربرگ نے کہا ہے کہ مستقبل میں ہر شخص کے پاس AI سے لیس اسمارٹ گلاسز ہوں گے جو روزمرہ زندگی کا حصہ بن جائیں گے اور یہ ٹیکنالوجی لاکھوں یا اربوں لوگوں تک پہنچے گی۔




