دبئی: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں آج پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گی۔ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہونے والے اس میچ میں گرین شرٹس پچھلی شکست کا بدلہ لینے کے لیے پُرعزم ہیں۔ گروپ مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹ سے شکست دی تھی، جس نے میچ کو اور بھی سنسنی خیز بنا دیا ہے۔
ایک روز قبل دبئی کرکٹ اکیڈمی میں پاکستانی ٹیم کی آمد پر بھارتی فینز نے بھی خوب جوش دکھایا اور خاص طور پر فخر زمان کے آٹوگراف لیے۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی بھی ٹیم کے ساتھ موجود ہیں اور کوچ مائیک ہیسن و کپتان سلمان علی آغا سے میچ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
ٹیم مینجمنٹ نے اوپنر صائم ایوب کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کر کے انہیں نمبر چار پر بیٹنگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ حسین طلعت کی جگہ حسن نواز ٹیم میں شامل کیے جانے کے امکانات ہیں۔ فاسٹ بولنگ کے لیے شاہین اور حارث کو برقرار رکھا گیا ہے۔
گزشتہ میچ میں ٹاس اور میچ کے اختتام پر ہاتھ نہ ملانے کے تنازع کے باعث پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی سے ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم بعد ازاں ریفری نے معذرت کر لی ہے۔
شائقین کرکٹ نے پاکستانی ٹیم سے بھرپور امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں اور دعائیں کر رہے ہیں کہ پاکستان اس بار بھارتی ٹیم کو شکست دے کر بدلہ لے گا۔




