اسلام آباد : چیئرمین پنجاب گروپ میاں عامر محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کا موجودہ سیاسی اور انتظامی نظام انتہائی بوسیدہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے ملک میں ترقی کے عمل میں شدید رکاوٹیں آ رہی ہیں۔ انہوں نے ایپ سپ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 80 سالوں میں کئی حکومتیں آئیں مگر ملک کی حالت میں کوئی خاص بہتری نہیں آئی۔
میاں عامر نے کہا کہ ہیومن انڈیکس کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ پاکستان کئی اہم شعبوں میں شدید ناکامی کا شکار ہے، جبکہ ہمارے ہمسایہ آزاد ممالک تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہے ہیں اور ہائی انکم کنٹریز کی صف میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے صوبوں کے باوجود نظام کی خرابی نے ملک کو ترقی کی دوڑ میں پیچھے دھکیل دیا ہے۔
چیئرمین پنجاب گروپ نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ فوری اصلاحات لا کر پاکستان کو ترقی کے راستے پر گامزن کریں تاکہ عوام کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔




