اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سندھ کی سیاسی بساط پلٹ دی؛ گورنر ہاؤس کراچی میں ‘پتنگ’ کا سفر تمام ہوا اور ‘شیر’ کا راج قائم ہو گیا۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی ایڈوائس پر کامران ٹیسوری کو عہدے سے ہٹانے اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی کو نیا گورنر سندھ مقرر کرنے کی سمری منظور کر لی ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے نہال ہاشمی سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں اس اہم آئینی منصب پر تعیناتی پر مبارکباد دی۔اس اہم تبدیلی کے موقع پر وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں اسحاق ڈار، خواجہ آصف اور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے، جو اس فیصلے کی سیاسی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
کامران ٹیسوری، جو اکتوبر 2022 سے گورنر سندھ کے فرائض انجام دے رہے تھے، اب باضابطہ طور پر اپنے عہدے سے سبکدوش کر دیے گئے ہیں۔ نہال ہاشمی کی تعیناتی کو سندھ میں مسلم لیگ (ن) کی موجودگی کو مضبوط بنانے اور ایم کیو ایم پاکستان کے اثر و رسوخ کو کم کرنے کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔
اس فیصلے کے بعد سندھ کی سیاست میں نئی صف بندیاں متوقع ہیں اور سیاسی پنڈت اسے وفاق اور اس کے اتحادیوں کے درمیان تعلقات میں ایک نیا موڑ قرار دے رہے ہیں۔




