اسلام آباد: ملک بھر میں جاری شدید بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں گہرے بادلوں کا راج برقرار ہے، جبکہ مسلسل بارش نے سیدپور گاؤں کا منظر بدل کر رکھ دیا ہے۔
شدید بارش کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے پر تیسری مرتبہ سپل ویز کھول دیے گئے۔ راولپنڈی میں نالہ چھچھ میں طغیانی کے باعث جاتلی اور ملحقہ علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
ادھر فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث سڑکیں اور نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں، جبکہ پنڈ دادنخان میں دریائے جہلم میں سیلاب کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ کالا باغ کے مقام پر جناح بیراج پر پانی کی آمد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کی ہدایت کی ہے۔




