پاکستان

فتنہ، فاشزم اور فسادات کی اجازت نہیں دی جائے گی، عظمٰی بخاری

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ "ریاست کے خلاف گوریلا جنگ کی باتیں کرنے والی پی ٹی آئی کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک فاشسٹ گروہ ہے۔”
ڈی جی پی آر لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عظمیٰ بخاری نے خبردار کیا کہ پانچ اگست کو کسی بھی قسم کے فتنہ و فساد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ریاست کے خلاف سازشیں کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ "ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والے اب گاڑیوں پر ‘ٹرمپ تیرا ہی آسرا’ لکھوا لیں۔” عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کو "فساد پارٹی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو پاکستان کے خلاف سازشیں کرے، وہ سیاسی جماعت نہیں ہو سکتی۔ دہشت گرد جماعت کو ملک کے امن و امان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی نے سمبڑیال اور مریدکے کے ضمنی انتخابات سے بھاگنے کا اعلان کر کے اپنی سیاسی کمزوری تسلیم کر لی ہے۔ وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کے امریکی اخبار میں اشتہار شائع کروانے پر بھی سخت ردعمل دیا اور اسے پاکستان کے خلاف بیرونی مدد حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔
پریس کانفرنس میں عظمیٰ بخاری نے چینی بحران پر بھی بات کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ چینی کی قلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کئی افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، اور جن شوگر ملز میں ذخیرہ اندوزی پائی گئی، حکومت انہیں تحویل میں لینے کا فیصلہ کر چکی ہے۔
آخر میں عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا کہ 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر بھرپور قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور بھارت کی مظالم پر خاموشی ناقابلِ قبول ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button