بیجنگ : وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے شہر بیجنگ میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک روس دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے سربراہی اجلاس کے بعد ہوئی، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔ اس موقع پر توانائی کے شعبے، زمینی رابطوں، پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی، افغانستان اور یوکرین کے موجودہ مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی صدر پیوٹن نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے اور روس کے ساتھ تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔
اس کے علاوہ، روسی صدر نے وزیراعظم کو ماسکو میں آئندہ ایس سی او اجلاس میں شرکت کی دعوت دی، جس پر وزیراعظم نے شکریہ ادا کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی کیں، جن میں ترک صدر رجب طیب ایردوان، ملائیشیا، بیلاروس، آذربائیجان، کرغستان، مالدیپ کے صدور اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل شامل ہیں۔




