میرپور: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔ میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے اضلاع میں قائم پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے امیدواروں کے درمیان سخت انتخابی مقابلے متوقع ہیں۔
الیکشن حکام کے مطابق پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 نافذ ہے، جبکہ اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حساس سمیت تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولیس، مجسٹریٹس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں تاکہ پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابی عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔




