پاکستان
Trending

مون سون 2026 کے لیے قومی حکمت عملی تیار، بروقت وارننگ اور اداروں میں رابطہ مضبوط بنانے پر زور

 

اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایات پر قائم ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے پانچویں اجلاس میں مون سون 2026 کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریوں اور اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، چیئرمین این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو معمول کے مطابق قرار دیا گیا، تاہم مون سون کے دوران موسم، دریاؤں کی صورتحال اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے امدادی سامان، انخلا کے منصوبوں، ایمرجنسی کمیونیکیشن اور ہنگامی ردعمل کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔

وفاقی حکام نے ہدایت کی کہ پیشگی وارننگ نظام کو مزید بہتر بنایا جائے، عوامی آگاہی مہم کو مؤثر بنایا جائے اور وفاقی، صوبائی و ضلعی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مزید مضبوط کیا جائے۔

احسن اقبال نے کہا کہ مون سون کے دوران بروقت اقدامات اور اداروں کے درمیان مؤثر تعاون ہی کامیاب ہنگامی ردعمل کی ضمانت ہے۔ اجلاس میں قیمتی جانوں، روزگار اور قومی انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button