V
کیا مقبول ڈراما سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کا سیزن 2 جلد آنے والا ہے، اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او جرجیس سیجا نے اہم اشارہ دے دیا۔
’میرے پاس تم ہو‘ پاکستان کے مقبول ترین ڈراموں میں شمار ہوتا ہے، جسے معروف مصنف خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کیا، جب کہ ہدایت کاری ندیم بیگ نے انجام دی۔
ڈرامے کے پروڈیوسر ہمایوں سعید تھے اور یہ اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا گیا، جس نے 24.9 کی بلند ترین ٹی آر پی حاصل کی، جو ایک ریکارڈ ہے۔
’میرے پاس تم ہو‘ کی آخری قسط کو پاکستان میں تقریباً 8 کروڑ سے زائد ناظرین نے دیکھا، جب کہ اے آر وائی ڈیجیٹل اور یوٹیوب سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر اس کے مجموعی ناظرین کی تعداد اربوں میں پہنچ چکی ہے، یہ ڈراما 17 اگست 2019 سے 25 جنوری 2020 تک نشر ہوا تھا۔
ڈرامے کی نشریات کو پانچ سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور اب اس کے دوسرے سیزن سے متعلق خبریں سامنے آرہی ہیں۔
حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او جرجیس سیجا نے انسٹاگرام پر ڈرامے کے پروڈیوسر ہمایوں سعید اور ہدایت کار ندیم بیگ کو ٹیگ کرتے ہوئے دوسرے سیزن کے حوالے سے سوال کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ہمایوں سعید اور ندیم بیگ! کیا ہمیں ’میرے پاس تم ہو 2‘ بنانا چاہیے؟




