پاکستان

پاک بحریہ کے سربراہ کو ترکیہ اعلیٰ عسکری اعزاز سے نواز دیا گیا

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران ترک مسلح افواج کے اعلیٰ عسکری اعزاز "لیجن آف میرٹ آف دی ترک آرمڈ فورسز” سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے میں ان کے کلیدی کردار کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ایڈمرل نوید اشرف کو ترک نیول فورسز کے ہیڈکوارٹرز آمد پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ دورے کے دوران ان کی ملاقات ترک نیوی کے کمانڈر سمیت ترک وزیر دفاع، چیف آف جنرل اسٹاف اور دیگر اعلیٰ عسکری حکام سے ہوئی، جن میں علاقائی سیکیورٹی، دفاعی تعاون، مشترکہ مشقوں اور تربیتی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایڈمرل نوید اشرف نے استنبول نیول شپ یارڈ کے دورے کے دوران ملجم پراجیکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا، جب کہ گولچک نیول بیس پر آبدوزوں کی تیاری سے متعلق صلاحیتوں کا بھی مشاہدہ کیا۔ انہوں نے ترک بحریہ کی مختلف تنصیبات کا معائنہ کیا اور انقرہ میں بانی جمہوریہ ترکی مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی۔

ترجمان کے مطابق، نیول چیف کا دورہ ترکیہ نہ صرف دوطرفہ بحری روابط کو مزید تقویت دے گا بلکہ علاقائی سطح پر میری ٹائم سکیورٹی کے مشترکہ مفادات کو بھی فروغ دے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button