پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے عالمی سطح پر ایک بار پھر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے ناروے کے سویری ڈائسن کے 1 منٹ میں 38 فنگر ٹیپ پش اپس کے ریکارڈ کو توڑتے ہوئے 42 پش اپس مکمل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
عرفان محسود کی یہ کامیابی نہ صرف ان کی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ پاکستان میں مارشل آرٹس اور کھیلوں کے فروغ کا بھی مظہر ہے۔ عرفان نے اب تک 70 سے زائد عالمی ریکارڈز قائم کیے ہیں اور 20 مختلف ممالک میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔
2023 میں انہیں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا، جو ان کی محنت اور کارکردگی کا اعتراف ہے۔ عرفان کے مطابق انہوں نے 9 سال کے عرصے میں 150 گینیز ورلڈ ریکارڈز بنائے ہیں اور ان کے 20 شاگرد بھی عالمی ریکارڈ ہولڈر ہیں، جنہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا۔
یہ کارنامہ نہ صرف عرفان کے لیے بلکہ پورے ملک کے لیے باعث فخر ہے، جو نوجوانوں کو محنت اور جذبے کے ساتھ کامیابی حاصل کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔




