اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے 27 تھانوں کے لیے 30 نئی گاڑیاں فراہم کر دی گئیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے تقریب میں گاڑیوں کی چابیاں پولیس حکام کے حوالے کیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پرانی اور خراب گاڑیوں کے ساتھ جدید پولیسنگ کے تقاضے پورے کرنا مشکل ہے، نئی گاڑیوں کی فراہمی سے پولیس کی آپریشنل صلاحیت اور رسپانس ٹائم بہتر ہوگا۔
وزیر مملکت طلال چوہدری نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس میں نفری کی کمی پوری کرنے کے لیے 9 ہزار نئے اہلکار بھرتی کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق بھرتیوں میں میرٹ کو ترجیح دی جائے گی۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے تمام 27 تھانوں کی تعمیر، مرمت اور اپ گریڈیشن کا کام بھی رواں سال مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق نئی گاڑیوں، اضافی نفری اور بہتر پولیس سہولیات سے شہریوں کو بروقت اور مؤثر پولیس خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔




