لاہور : پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر ممتاز دانشور اور محقق ڈاکٹر سیدہ عارفہ زہرا نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام محض ایک ریاست کا بن جانا نہیں، بلکہ کئی نسلوں کی قربانیوں، جدوجہد اور خوابوں کی تعبیر ہے۔
ڈاکٹر عارفہ زہرا نے ایک خصوصی گفتگو میں کہا، "میں صرف چار برس کی تھی جب ہم پاکستان آئے۔ میرے والدین کی آنکھوں میں ایک آزاد وطن کا خواب تھا، جو 14 اگست کو حقیقت بن کر ابھرا۔”
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان صرف جغرافیہ نہیں بلکہ ایک نظریہ، ایک شناخت اور ایک مقصد کا نام ہے۔ "پاکستان نے ہمیں ایک پہچان دی، ایک ایسی مٹی دی جو ہمارے قدموں کو تھامے رکھتی ہے۔ باقی دنیا میں ہم شہری تو بن سکتے ہیں، مگر وہ وطن نہیں بن سکتی۔”
انہوں نے کہا کہ لوگ اکثر سوال کرتے ہیں کہ پاکستان نے ہمیں کیا دیا؟ "میں ان سے کہتی ہوں، یہ پوچھو کہ پاکستان نے کیا نہیں دیا۔ ایک آزاد شناخت، زبان، ثقافت، اور جینے کا حق—یہ سب پاکستان کی بدولت ہمیں حاصل ہوا۔”
ڈاکٹر عارفہ زہرا نے کہا کہ 14 اگست کا دن محض جشن نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور تنظیم کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ "یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ آزادی یوں ہی نہیں ملی—یہ کئی نسلوں کے خون، قربانیوں اور انتھک جدوجہد کی قیمت پر حاصل ہوئی ہے۔”




