پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے یوم آزادی کی ریہرسل کے سلسلے میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن محدود کرنے کا نیا نوٹم جاری کر دیا ہے۔
نوٹم کے مطابق 6 سے 9 اگست اور 11 سے 14 اگست تک روزانہ صبح 11 بجے سے دوپہر ایک بجے تک پروازوں کی آمد و روانگی معطل رہے گی۔ اس کے علاوہ 11 سے 13 اگست کے دوران رات 8 بجے سے 10 بجے تک بھی فضائی آپریشن بند رکھا جائے گا۔
ایئرپورٹ اتھارٹی نے ایئر لائنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان اوقات میں پروازوں کی شیڈولنگ سے گریز کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں یوم آزادی کی تقریبات اور ریہرسل کے لیے فضائی حدود کو کلیئر رکھنے کے پیش نظر عائد کی گئی ہیں۔




