ڈیرہ اسماعیل خان: بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر بزدلانہ حملہ کیا۔ دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی مرکزی دروازے سے ٹکرا کر سیکیورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت اور بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے 3 دہشتگردوں کو گیٹ پر ہی ہلاک کر دیا، جبکہ دو حملہ آور بلڈنگ کے اندر داخل ہو گئے، جنہیں محاصرے کے دوران مارا گیا۔ کارروائی میں مجموعی طور پر 5 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 پولیس اہلکار شہید ہوئے، جبکہ 12 اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوا۔ شہداء میں پولیس ٹریننگ سینٹر کے ایک ٹرینر بھی شامل ہیں۔
دہشتگردوں نے حملے کے دوران کمپلیکس کے اندر موجود مسجد کو بھی نشانہ بنایا، مسجد کو نقصان پہنچا جبکہ امام مسجد کو شہید کر دیا گیا، جو حملے کا انتہائی افسوسناک پہلو ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے حملے کے بعد علاقے کو مکمل کلیئر کر لیا ہے اور مزید تحقیقات و سرچ آپریشن جاری ہیں۔ ترجمان کے مطابق، قوم ان شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جاتا رہے گا۔




