ڈی آئی خان: خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں نے پولیس ٹریننگ سینٹر کو نشانہ بنایا، حملے کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار شہید جبکہ 13 زخمی ہو گئے۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے 4 حملہ آور دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ حملے کے بعد علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
شہداء کی نمازِ جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہداء کے اہل خانہ نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے شہداء کے اہلِ خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے فی کس اور زخمی اہلکاروں کے لیے 50 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کو بھی مالی انعام دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پولیس فورس نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنایا۔




