اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج "برداشت کا عالمی دن” منایا جا رہا ہے۔ یہ دن 1995 سے یونیسکو کے زیر اہتمام منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد عدم برداشت کے خطرات کے بارے میں عوامی آگاہی پیدا کرنا اور مختلف ثقافتوں اور معاشروں کے درمیان احترام اور مفاہمت کو فروغ دینا ہے۔
یومِ برداشت کے موقع پر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا آئین مذہبی آزادی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کی مکمل ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رواداری، امن اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، اور اس بات پر زور دیا کہ اسلام انسانیت، شفقت اور عدل کا پیغام دیتا ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ حکومت سماجی و مذہبی استحصال کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور غیر مسلم شہریوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پالیسیوں پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
صدرِ پاکستان نے نیشنل کمیشن فار مائنارٹیز رائٹس بل 2025 کو ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بل اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک مضبوط قدم ثابت ہو گا۔
یومِ برداشت کے موقع پر، آصف علی زرداری نے تمام شہریوں، خاص طور پر نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ہر قسم کے تعصب، امتیاز اور نفرت کے خلاف آواز بلند کریں۔ انہوں نے علمائے کرام، اقلیتی رہنماؤں اور میڈیا سے بھی درخواست کی کہ وہ محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے پیغام کو عام کریں تاکہ پاکستان کو ایک ایسا ملک بنایا جا سکے جہاں سماجی ہم آہنگی اور اتحاد قومی شناخت بن جائے۔




