اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونا شروع ہوگیا ہے۔ خاص طور پر سیدپور ویلج میں بارش کے باعث برساتی نالے بپھر گئے ہیں، جس سے پانی کی تیز روانی کے باعث متعدد گاڑیاں نالے میں بہہ گئی ہیں۔
بارش کے دوران نکاسی آب کے لیے سینیٹیشن ٹیمز بھی متحرک ہیں تاکہ پانی کے جمع ہونے سے پیدا ہونے والے مسائل کو کم کیا جا سکے۔ تاہم، سیدپور کے علاقے میں تجاوزات کی وجہ سے پانی کی نکاسی متاثر ہو رہی ہے اور نشیبی علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بارش کی مقدار 50 ملی میٹر تک پہنچ سکتی ہے جس سے ممکنہ سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
گزشتہ ہفتے پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچائی تھی، جس میں راولپنڈی میں 230 ملی میٹر بارش کے باعث ندی نالے بپھر گئے تھے، جبکہ چکوال میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں 423 ملی میٹر بارش نے ڈیم کا بند توڑ دیا تھا۔ این ڈی ایم اے نے اطلاع دی ہے کہ 26 جون سے 17 جولائی کے دوران مون سون بارشوں کی وجہ سے 178 افراد ہلاک اور 491 زخمی ہوئے ہیں۔




