اسلام آباد: ایپ سپ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے چھٹی ریکٹرز کانفرنس میں کہا ہے کہ ریکٹرز کانفرنس کا مقصد وائس چانسلرز کے درمیان نیٹ ورکنگ اور تجربات کا تبادلہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں تعلیم، صحت اور ترقیاتی شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے جبکہ بیروزگاری اور بدامنی جیسے مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگریسیو پاکستان کے لیے سنجیدہ قیادت اور مؤثر ماڈل ناگزیر ہیں، اور نبی پاک ﷺ کی شخصیت اور اسوہ حسنہ اس کا بہترین نمونہ ہیں۔
تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے لیے ڈاکٹر عبدالرحمان نے تجویز دی کہ تعلیمی معاملات دیکھنے کے لیے ایک آزاد آڈیٹر مقرر کیا جائے اور اداروں کی خودمختاری کا احترام کیا جائے۔ فیصلے کرنے میں اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت ضروری ہے تاکہ حقیقی اصلاحات ممکن ہو سکیں۔
چیئرمین ایپ سپ نے ملک کی ترقی کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق پر زور دیا اور کہا کہ پاور ٹیکنالوجی پارک ریسرچ اور انڈسٹریل کولیبریشن کے لیے بنایا جائے گا، جس کے لیے مکمل تعاون درکار ہے۔




