بین الاقوامی

امریکا نے وینزویلا کے ایک اور تیل بردار جہاز کو تحویل میں لے لیا، کشیدگی میں اضافہ

واشنگٹن: امریکا نے بین الاقوامی پانیوں میں وینزویلا کے ایک اور تیل بردار جہاز کو تحویل میں لے لیا ہے، جو رواں ماہ ضبط ہونے والا تیسرا آئل ٹینکر ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق، وینزویلا کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ جہاز خالی تھا اور وینزویلا واپس جا رہا تھا، تاہم امریکی حکام نے اسے اپنی تحویل میں لے لیا۔

وینزویلا نے اس کارروائی کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سخت احتجاج کیا ہے۔ امریکی حکام نے اپنی کارروائی کو وینزویلا پر عائد پابندیوں کے تحت جائز قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ اقدام وینزویلا پر دباؤ بڑھانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

امریکا نے اس کے ساتھ ساتھ وینزویلا کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی تیاری کے تحت اپنی عسکری سرگرمیاں بھی بڑھا دی ہیں۔ مرسیڈیٹا ہوائی اڈے پر امریکی فوجی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، جہاں امریکی بحری بیڑے کی تیاریوں میں تیزی آئی ہے اور ایک سپر اسٹالین ہیلی کاپٹر کی اڑان بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔

امریکا نے کیریبین کے علاقے میں اپنے طیارہ بردار بحری جہاز، جنگی بحری جہاز، جدید لڑاکا طیارے اور ہزاروں فوجیوں کو تعینات کر دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کئی بار یہ کہا ہے کہ وینزویلا میں ممکنہ زمینی فوجی کارروائی کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا جا سکتا، جس سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

سیاسی اور دفاعی ماہرین کے مطابق، امریکا کی حالیہ بحری اور فضائی نقل و حرکت وینزویلا کے ساتھ ممکنہ بڑے تصادم کی جانب اشارہ کر رہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس صورتحال نے عالمی برادری کی توجہ اپنی طرف مبذول کر لی ہے کیونکہ وینزویلا کے ساتھ امریکا کی بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے میں غیر معمولی اثرات پیدا کر سکتی ہے۔

گزشتہ روز بھی امریکا نے وینزویلا کے ساحل کے قریب ایک تیل بردار جہاز کو قبضے میں لیا تھا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button